بٹگرام ترقی کے مراحل سے گزر رہا ہے‘ عرفان اللّٰہ محسود

December 10, 2022

پشاور (جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر بٹگرام محمد عرفان اللہ محسود کے زیر صدا رت لینڈ یوز پلان کے حوا لے سے اجلاس ہواجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایف اینڈ پی) اسد محمود لودھی نے ڈپٹی کمشنر اور پورے فورم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اربن یونٹ ضلع کا سروے کرے گی اور زمین کے صحیح استعمال اور استعداد پر جامع پلان مرتب کرے گی جو کہ مستقبل میں عمل میں لائے جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بٹگرام پسماندہ علاقہ ہے جو کہ ترقی کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ بلاشبہ یہاں پر سہولیات کا فقدان ہے لیکن صوبائی حکومت، ضلع انتظامیہ اور باقی تمام محکمے اپنی تمام تر کوششوں کو عملی جامعہ پہناتے ہوئے عوام کو بہترین سروسز دینے کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے ذمہ داروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ دئیے گئے ٹاسک پر کام کریں اور زمین کے استعمال اور پلان کو عملی جامہ پہنائیں تاکہ مستقبل میں اس سے عام عوام کو فائدہ ہو۔قبل ازین ڈپٹی کمشنر محمد عرفان اللہ محسود کی جانب سے تبدیل ہونے والے فنانس آفیسر محمد علی کے لئے الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے تمام افسر بھی موجود تھے.ڈپٹی کمشنر کی جانب سے فنانس آفیسر محمد علی کو اعزازی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ پیش کر کے نیک خواہشات کیساتھ الوداع کیا گیا۔