جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیس،40 ملزموں کو 160 سال قید

December 10, 2022

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج حامد حسین نے مختلف الزامات میں ملوث چالیس ملزمان کو مجموعی طور پر 160سال قید اور چار لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔گزشتہ برس راولپنڈی کے جوڈیشل کمپلیکس میں دو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مابین زیرسماعت کیس میں فریقین کے ساتھ آئے افراد آپس میں الجھ پڑے تھے اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی تھی جس پر سول لائن پولیس نے دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔ ٹرائل مکمل ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے چالیس ملزمان عبدالرزاق، ایوب، عدنان، اسرافیل خان، گل بدین، اسرار، عبدالرحمن، عمران، سید عالم، احمد، آفتاب، فراز، رازیب، ضیاء الحق، صدام، نعیم اللہ، عامر، حفیظ، عالمگیر، وحید، نعلین، عمران، کامران، خرم، احتشام، وقاص، انور، ذیشان، اظہر، شعیب، جمال، اسد، نعیم، عاقب، اسامہ، شعیب، عثمان، یاسر، اویس اور راشد کو اقدام قتل کے جرم میں ہر ملزم کو ڈیڑھ برس، کارسرکار میں مداخلت کے جرم میں ایک اور توڑ پھوڑ کے الزام میں ڈیڑھ برس قید اور دس دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔