علی رضا سید کی یورپ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے کوششیں تیز

January 25, 2023

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کردیں۔

اس سلسلے میں انہوں نے حالیہ دنوں میں اہم یورپی شخصیات، یورپی حکام اور بعض یورپی اراکین پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

منگل کے روز برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی لابی میں ان کی ملاقات صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے بھی ہوئی جو ان دنوں بیلجیم کے دورے پر ہیں۔

علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ان کی کوشش ہے کہ یورپی حکام کو مسئلہ کشمیر سے زیادہ سے زیادہ آگاہ کیا جاسکے۔

یورپی اہم شخصیات، اعلیٰ حکام اور اراکین یورپی پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کے علاوہ کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے زیر اہتمام 26 جنوری بروز جمعرات بھارت کے یوم جمہوریہ (یوم سیاہ) کے موقع پر برسلز میں ای یو ایکسٹرنل ایکشن سروس (یورپی یونین کی وزارت خارجہ) کے سامنے ایک روزہ پرامن احتجاجی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت ایک طرف جمہویت کا دعویدار ہے لیکن دوسری طرف کشمیریوں پر ظلم کررہا ہے اور ان کے جمہوری حقوق کو سات دہائیوں سے دبا رہا ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے چاہییں، ان پر ناانصافیاں ختم ہونی چاہییں تاکہ کشمیری خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے اور کشمیریوں کو ان کاحق دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور حق خودارادیت کے لیے اپنے وعددوں پر عمل کرے۔