شمالی کوریا میں سانس کی پراسرار بیماری، لاک ڈاؤن نافذ

January 26, 2023

پیانگ یانگ(نیوز ڈیسک)شمالی کوریا کے دارالحکومت میں سانس لینے کی پُراسرار بیماری کے باعث 5دن کیلئے لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں شہریوں کو دن میں متعدد بار بخار چیک کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے،لاک ڈاؤن کے نفاذ کے اعلان کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے بازاروں کا رخ کیا جہاں افراتفری پھیل گئی اور بھیڑ کے باعث شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔گھروں میں کھانے پینے کی اشیا کا ذخیرہ کرنے والے شہریوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں اضافہ کا امکان بھی ہے اس لیے زیادہ سے زیادہ چیزوں کا ذخیرہ کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ شمالی کوریا نے کورونا کے آغاز پر ہی اپنی سرحدیں بند کردی تھیں اور خود کو کورونا سے محفوظ بتایا تھا تاہم گزشتہ برس کورونا کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی اور اسی سال اگست میں اس پر قابو پانے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔