جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس کیوں ناکام ہیں، ہائیکورٹ، لاپتا افراد کی ہر صورت بازیابی کا حکم

January 27, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی سے 6 لاپتا افراد کی ٹریولنگ ہسٹری طلب کرتے ہوئے جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھایا ہے کہ کیا وجہ ہے دس دس سال سے شہری لاپتا ہیں لیکن بے شمار جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس کوئی نتائج اخذ کرنے میں کیوں ناکام ہیں؟ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کراچی سے 6 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، پولیس حکام نے رپورٹ جمع کرادی، عدالت نے پولیس رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کیا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کچھ شہری دس سال سے لاپتا ہیں، بے شمار جے آئی ٹیز اور پی ٹی ایف سے کچھ نتیجہ نہیں نکلا،جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس لاپتا شہریوں کا سراغ لگانے میں کیوں ناکام ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں،حراستی مراکز سے تفصیلات مانگی ہیں مگر جواب نہیں آیا،عدالت نے 10 فروری تک لاپتا افراد کی ٹریول ہسٹری اور پیش رفت رپورٹ طلب اور ملک بھر میں قائم حراستی مراکز سے شہریوں کی موجودگی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے اور بہر صورت لاپتا افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دیدیا۔