نواکلی بائی پاس پر موت کا گڑھا 6 ماہ سے حکومتی توجہ کا منتظر

January 27, 2023

کوئٹہ ( پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں چھ ماہ قبل آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے لوگ اب بھی پریشانی کا شکار ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی اقدام نہیں کر رہی۔ہزاروں لوگ اب تک کھلے آسمان تلے بے یار و مددگار پڑے ہیں۔ اندرون بلوچستان کے عوامی مسائل تو ایک طرف صوبائی دارالحکومت میں بھی سیلاب سے تباہ حال سڑکوں کی بحالی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوا کلی دورویہ بائی پاس کا ایک روڈ مکمل تباہ اور سڑک کا دوسرا حصہ دو تہائی سے زیادہ سیلاب میں بہہ گیا تھا۔ علاقے کے مکینوں نے کئی مرتبہ وزیر اعلیٰ پورٹل پر اس کی شکایت درج کرائی اور انہیں 40 دن میں اس پر کام شروع ہوجانے کی تسلی دی گئی مگر چالیس کی بجائے 180 دن گزرنے کے بعد بھی یہ سڑک حکومت کی توجہ کی منتظر ہے۔ سڑک کی ٹاپ سے اس گڑھے کی گہرائی 10 فٹ سے زیادہ ہے اور ہیوی ٹریفک گزرنے کی وجہ سے سڑک ٹوٹنے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اس گڑھے میں گر کر کئی موٹر سائیکل سوار اپنی ٹانگیں تڑوا چکے ہیں جبکہ کار میں سوار ایک فیملی بھی حادثے کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے حس حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ورنہ یہ اتنا بڑا مسئلہ بھی نہیں کہ چھ مہینوں میں حل نہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس گڑھے میں گر نے سے کوئی جانی نقصان ہوا تو اس کا پرچہ بی ڈی اے انتظامیہ کے خلاف درج کرایا جائیگا۔