سنٹر فار ڈیزاسٹر پریپیئر ڈنس اینڈ مینجمنٹ میں ٹریننگ کا انعقاد

January 27, 2023

پشاور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ پشاور کے ذیلی ادارےسنٹر فار ڈیزاسٹر پریپیئر ڈنس اینڈ مینجمنٹ نے ایس،ڈی،پی،آئی اسلام آباد کے اشتراک سے آفات کی روک تھام اور آفات کے اثرات سمجھنے کے لئے استعمال ہونے والے سنجیدہ بورڈ گیمز پر دوروزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا، گیمز میں ہازاگورا اور ایکسٹریم یونٹ شامل تھے۔ تربیتی ورکشاپ کا بنیادی مقصد طلبہ میں آفات کے خطرات اور ان کے لئے تیاری کے اقدامات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ یونیورسٹی آف سیلفورڈ کے ریسرچ فیلو ڈاکٹر ہشام طارق اور اسسٹنٹ پروفیسر سی ڈی پی ایم ڈاکٹر مشتاق احمد جان نے شرکاء کو تربیت دی۔ہازاگورا گیم میں کھلاڑی ایک کمیونٹی کے باشندے بن گئےجسے خود کو ترقی دینا اور اپنی برادری کو برقرار رکھنا تھا،لیکن چونکہ کمیونٹی باقاعدگی سے خطرات سے متأثر ہوتی ہے اس لئے اسے اِ ن خطرات کا سامنا بھی کر نا پڑتا ہے، آفات اور ان کے ممکنہ نتائج پر گفتگو نے اُنہیں مختلف عوامل کے بارے میں سکھایا جو کہ آفات کی روک تھام کےلئے ضروری ہے۔ایکسٹریم ایونٹ گیم میں کھلاڑیوں کو آفات کےلئے ایک لچک دار اور ریزیلینٹ کمیونٹی میں استعمال ہونے والے طریقہ کار کے بارے میں سکھایا گیا۔ا س گیم میں طلبہ نے ایک سمولیشن کے دوران آفات اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمودار ہونے والے خطرات کےلئے مل کر کام کیا اور اشتراکی طریقہ کار کے ذریعے فیصلے لئے۔ایکسٹریم ایونٹ گیم آفات کے تیاری کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں میں تنقیدی سوچ، اتحاد سازی اور اپنی کمیونٹی کو ترقیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے موافقت کے مطابق ڈھالنے اور آفات سے محفوظ رکھنے جیسی مہارتوں میں علم پیدا کر تا ہے۔تربیتی ورکشاپ اور گیمز سے پہلے اور بعد میں ایک ٹیسٹ لیا گیا جس سے یہ مشاہدہ کیا گیا کہ اِن گیمز نے آفات میں شامل عوامل کے بارے میں کھلاڑیوں کی بصیرت کو مثبت طور پر بڑھایا۔ اختتامی تقریب میں سی ڈی پی ایم کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ورکشاپ کے منتظمین اور شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیمز طلباء کی آفات کیلئے تیاری کو تقویت دیتی ہیں تاکہ وہ مستقبل کی آفات کا مقابلہ کرنے کے لئے بہتر طریقے سے لیس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم طلباء کے سیکھنے کے لئے نئے ٹولز متعارف کروا رہے ہیں جن میں ہینڈز آن ٹریننگ، سیریس ڈیزاسٹر بورڈ گیمز اور ڈیزاسٹر سمولیشن شامل ہیں۔ یونیورسٹی آف سیلفورڈ کے ریسرچ فیلو ڈاکٹر ہشام طارق اور اسسٹنٹ پروفیسر سی ڈی پی ایم ڈاکٹر مشتاق احمد جان نے دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق نے کہا کہ ان گیمز کو پاکستان کے ڈیزازسٹر اور سماجی پروفائل کے مطابق ڈھالنے کے لئے تحقیق شروع کر دی ہے۔