پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت

January 29, 2023

لاہور(ٹی وی رپورٹ)پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت ہوگئی، گوجرانوالہ میں صرف 20 فیصد پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ رحیم یار خان میں بھی پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند ہے۔ بہاولپور میں چند کھلے پیٹرول پمپس پرگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ادھر سیالکوٹ میں بھی بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں جبکہ کھلے پیٹرول پمپس پرشہریوں کا بے پناہ رش ہے۔فیصل آباد میں بھی پیٹرول پمپس پر موٹر سائیکل سواروں کا رش ہے۔پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کم آرہی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہے۔اس معاملے پر متعلقہ حکام کا ردعمل فی الحال سامنے نہیں آیا ہے۔