پشاور ماڈل سکول میں اکیسویں یومِ اساتذہ کی سالانہ تقریب

January 29, 2023

پشاور(جنگ نیوز)پشاور ماڈل سکول بوائز تھری رنگ روڈ میں اکیسویں یومِ اساتذہ کی سالا نہ ایک پروقار اور سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی پشاور ماڈل ڈگری کالج بوائز ٹو جمیل چوک پشاور کے پرنسپل تنویر حسین تھے جبکہ پرنسپل صائمہ طلعت کے علاوہ اساتذہ اور طلبا کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ استاد معاشرے کا ایک اہم ستون ہے جو معاشرے کو درست سمت میں گامزن کرتاہے ۔ایک اعلی تعلیم یافتہ اور تجربہ کاراستاد ہی طلبا کی تعلیمی صلاحیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنی تدریس کو بہتر سے بہتر بنا سکتا ہے انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ ان کا مقصد نہ صرف طلبا کو علم کی روشنی سے منور کرنا ہے بلکہ ان کی اخلاقی تربیت بھی کرنی ہے تا کہ وہ پشاور ماڈل سکول جیسے بے مثال ادارے سے فارغ التحصیل ہو کر معاشرے کے ایک ذمہ دار فرد بن سکیں ۔انہوں نے اس موقع پر طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگی کے ہر پہلو میں نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ نظم و ضبط کی پابندی کامیابی کی ضمانت ہے۔