الٹرالو ایمیشن زون کا دائرہ کار لندن کے نواحی علاقوں تک پھیلانے پر کونسلوں کو خدشات

January 31, 2023

لندن (سعید نیازی) فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے الٹرالو ایمیشن زون (یو ایل ای زید) کا دائرہ کار لندن کے نواحی علاقوں تک پھیلانے کے حوالے سے 19 میں سے11کونسلوں نے خدشات کا اظہار کیا ہے اور منصوبے کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کرتے ہوئے میئر لندن صادق خان سے نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ منصوبے کااطلاق29اگست سے ہوگا اور کونسلوں کا موقف ہے کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے صرف سات ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے جبکہ اسکریپ اسکیم انتہائی محدود ہے اور ان علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بھی معیاری نہیں۔ منصوبے کے آغاز کے بعد متعلقہ علاقوں میں رہنے والے ایسے ڈرائیورجن کی کاریں مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتریں گی انہیں روزانہ گاڑی چلانے کی صورت میں ساڑھے بارہ پائونڈ ادا کرنا ہونگے۔ میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے اطلاق کافیصلہ آسان نہیں تھا لیکن دارالحکومت میں زہریلی فضا میں کمی کیلئے یہ ضروری تھا۔ میئر آفس کی ریسرچ کے مطابق لندن میں روزانہ آلودگی پھیلانے والی تقریباً دو لاکھ گاڑیاں داخل ہوتی ہیں۔ جن کے سبب فضا میں موجود زہریلی گیسوں سے سالانہ تقریباً 4 ہزار لندن کے شہری قبل از وقت موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ یو ایل ای زید کے منصوبے میں توسیع پر خدشات کا اظہارکرنے والی کونسلوں میں 5 کا تعلق کنزرویٹ،تین لبرل ڈیموکریٹ،دو لیبراور ایک آزادکونسل شامل ہے۔ کنزرویٹیو کونسلز، بیکسلے، بروملی، کرائیڈن، ہیرو اور ہیلنگڈن کا کہنا ہے کہ وہ اس منصوبے کو روکنے کیلئے ہر اقدام پر غور کیا جائے گا۔ کونسلیں مل کر قانونی کارروائی کرنے پر بھی غور کر رہی ہیں۔ جبکہ میئر لندن نے اسکریچ اسکیم کے تحت 110 ملین پائونڈ کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کم آمدنی والے رہائشیوں کی کار بدلنے کیلئے دو ہزار پائونڈ دیئے جائیں گے۔ اس رقم کو کونسلیں ناکافی قرار دے رہی ہیں۔