بلند مہنگائی نے بچت منصوبوں کو بہت مشکل بنا دیا، اسٹیٹ بینک

January 31, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک کا بنیادی مقصد قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ بلند مہنگائی نے صارفین اور کاروباری اداروں کے لیے بچت کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فیصلوں کو بہت مشکل بنادیا ہے جس سے نمو کے امکانات پر اثر پڑے گا۔ اس تناظر میںاسٹیٹ بینک معاشی سرگرمیوں کے لیے زری پالیسی کی سختی کے قلیل مدتی اثرات سے واقف ہے، لیکن اس کا ماننا ہےکہ وسط تا طویل مدت میں پائیدار نمو یقینی بنانے کے لیے ابھی مہنگائی پر قابو پانا لازمی ہے،ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق شعبہ زری پالیسی اسٹیٹ بینک کے ڈائریکٹر فدا حسین نے ا سٹیٹ بینک پوڈ کاسٹ میں تازہ ترین زری پالیسی فیصلے کی اہم وجوہات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حال ہی میں اپنے زری پالیسی فیصلے کے اعلان میں پالیسی ریٹ میں 100 بیسس پوائنٹس اضافہ کرتے ہوئے اسے 17 فیصد کر دیا ۔