زرداری پر عمران کے قتل کی سازش تیار کرنے کے الزام پر شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج

January 31, 2023

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے کیخلاف شکایت پر پولیس نے شیخ رشید کو تھانے طلب کیا تاہم پیش نہیں ہوئے۔ جس پر پولیس نے رپٹ درج کرلی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آبپارہ میں شہری کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست جمع کروائی گئی جس میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے کی شکایت کی گئی ہے۔شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ایک انٹرویو میں آصف علی زرداری پر عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگایا ہے۔ جس سے سابق صدر اور ان کے خاندان کو مستقل خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔