کراچی (نیوز ڈیسک) گوادر ایئرپورٹ کے نئے اوقات کار جاری کردیئے گئے ہیں۔گوادر ایئرپورٹ بدھ، جمعہ اور ہفتے کو بند رہے گا، جبکہ دیگر دنوں میں مخصوص اوقات کے دوران پروازوں کا آپریشن جاری رہیگا۔ نئے اوقات کار کے مطابق گوادر ایئرپورٹ پیر اور جمعرات کو دوپہر 2بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک کھلا رہے گا۔ گوادر ایئرپورٹ منگل کو صبح 7 بج کر 30 منٹ سے 9 بج کر 30 منٹ تک اور دوپہر 12 بج کر 30 منٹ سے 2 بج کر 15 منٹ تک آپریشنل رہیگا۔ اسی طرح اتوار کے روز گوادر ایئرپورٹ صبح 10 بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک کھلا رہے گا۔ ایئرپورٹ کے نئے اوقات کار 30 دسمبر 2026 تک نافذ العمل رہیں گے۔ مقررہ اوقات کار کے علاوہ گوادر ایئرپورٹ سے پرواز کے خواہشمند سول یا فوجی طیاروں کو 24 گھنٹے قبل ایئرپورٹ انتظامیہ کو اطلاع دینا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق غیر شیڈولڈ سول اور نان سول طیاروں کے آپریشنز میں سہولت فراہم کرنے کیلئے بھی پیشگی اطلاع دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔