کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری و چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ کراچی کو اس کا جائز معاشی و سیاسی مقام ملنا چاہئے، پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں اور وہ چھوٹے یونٹس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ملکی برآمدات میں مطلوبہ اضافہ نہیں ہوسکا، آئندہ ایک سے دو سال میں بہتری کی توقع ہے، پاکستان کو سرمائے کی قلت کا سامنا ہے اور معاشی ترقی کے لئے سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔وہ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں غیر معمولی کردار ادا کرتا ہے، مگر اسے کارکردگی کے مطابق سیاسی اہمیت نہیں ملی۔دنیا میں تیز ترقی برآمدات سے ہوئی، سیاسی اختلافات اور بیوروکریسی کی رکاوٹیں معیشت کو متاثر کر رہی ہیں، عام آدمی مہنگائی سے پریشان ہے۔ پاک فوج نے دفاع میں کردار ادا کیا، اب کاروباری طبقے کو آگے آنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی میٹنگ کے لئے آئندہ ہفتے نیویارک جائیں گے، جہاں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوگی۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ 550 سے زائد اصلاحات پر کام کر رہا ہے، گزشتہ سال ڈھائی ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوئی، مزید کی ضرورت ہے۔