حکمرانوں نے غریب کا جینا محال کر دیا، عوام کو حق کیلئے نکلنا ہو گا، تحریک لبیک

January 31, 2023

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) امیر تحریک لبیک شمالی پنجاب پیر سید عنایت الحق سلطانپوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے ۔ حکمرانوں نے غریب کا جینا محال کر دیا ہے آئی ایم ایف سمیت پوری دنیا سے قرضے اور بھیک مانگنے کے باوجود مہنگائی دن بدن بڑھ رہی ہے۔ اس وقت غریب عوام خود کشی کر رہے ہیں۔ لوگ اپنی عزتیں بیچنے پر مجبور ہیں۔ قوم کو اب اس اشرافیہ اور جاگیر دارانہ نظام کے خلاف اٹھنا ہو گا، اپنے حق اور بقاء کے لیے آواز بلند کرنا ہو گی۔ جو کہتا تھا خود کشی کر لوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا اس نے اپنے دور اقتدار میں 52 بلین ڈالر ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا اور مہنگائی کی شرح 13 فیصد تک پہنچا دی۔ دوسری جانب جو اس کے دور اقتدار میں مہنگائی مکاؤ مارچ کرتے تھے جب ان کو اقتدار ملا تو انہوں نے صرف 6 مہینے کے اندر مہنگائی 21 فیصد تک بڑھا دی۔