تمام محکمے فرائض تندہی سے سرانجام دیں، ڈی سی ڈیرہ

January 31, 2023

پشاور (جنگ نیوز)نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل محمد قیصر خان نے کہا ہے کہ تمام محکمے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں۔ فرائض کی انجام دہی میں تساہل یا غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ تمام محکمے دفتری اوقات کی پابندی کو یقینی بنائیں اور لوگوں کو ریلیف اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے سرکاری محکموں کے افسروں کے ساتھ تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، ایریگیشن، سول ڈیفنس، انڈسٹریز، پیسکو، لائیو سٹاک، ایگری کلچر، فارسٹ و دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے بالخصوص محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم کے افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر سرانجام دیں تاکہ لوگوں کو صحت سہولیات اور معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے لہٰذا تمام ہسپتالوں بشمول بی ایچ یوز کے تسلسل سے معائنے کریں اور ادویات کی دستیابی سمیت صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح سکولوں میں اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں کو بھی تسلسل سے چیک کیا جائے۔ میں مختلف دفاتر کے سرپرائز وزٹ بھی کروں گا اور جس محکمے سے متعلق شکایت موصول ہوئی اس کی تفتیش کی جائیگی اور اگر محکمہ غفلت کا مرتکب پایا گیا توسخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ عوام کو سہولیات کی فراہمی ہمارے فرائض منصبی میں شامل ہے لہٰذا ان کی ادائیگی میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔