ضلع کچہری اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ

February 02, 2023

اسلام آباد (عاصم جاوید، خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلع کچہری اسلام آباد کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دو روز میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی جانب سے ضلع کچہری کی سیکورٹی سے متعلق رپورٹ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کو موصول ہو گئی جس میں ضلع کچہری کی سیکورٹی صورتحال کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کچہری کے واک تھرو گیٹس ، سی سی ٹی وی کیمرے ، ایل ای ڈیز سب خراب ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس سپیشل برانچ کے اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے تیار نہیں۔ عدالتوں ، سائلین ، وکلا کو فول سیکورٹی فراہمی اسلام آباد انتظامیہ ، چیف کمشنر کی ذمہ داری ہے۔ چیف کمشنر انتظامات کرنے میں ناکام رہے ہیں، انتظامات نہ کرنے سے احاطہ کچہری میں سیکورٹی صورتحال خطرناک ہے۔ چیف کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی جائے کہ کچہری کی فول پروف سیکورٹی انتظامات کریں۔