قرآن سائنسی تحقیق اور حقائق جاننے کا بھی درس دیتا ہے، جسٹس ڈاکٹر محمد انور

February 02, 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) کامسٹیک میں سائنس کمیونی کیشن پر 3روزہ بین الاقوامی کانفرنس شروع ہو گئی۔ افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی قائم مقام چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے علم حاصل کرنا اور آنیوالی نسلوں کو تعلیم دینا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ قرآن پاک ہمیں سائنسی تحقیق کے ذریعے کائناتی اصولوں اور اپنے بارے میں اپنے اردگرد کی آب و ہوا‘ ماحول اور کائنات کے بارے میں حقائق جاننے کا بھی درس دیتا ہے۔ کوآرڈنیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ سائنس، میڈیا، پالیسی ساز، سماجی کام، فنون و ثقافت، سفارت کاری اور ماحولیات کے 460سے زائد شرکاء نے کانفرنس کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید خورشید ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ کامران اختر، ڈائریکٹر ملائیشین بائیو ٹیکنالوجی انفارمیشن سنیٹر ڈاکٹر مہا لکشمی اروجانن نے بھی خطاب کیا۔