ایڈنبرا: دنیا کی پہلی سیلف ڈرائیونگ بس کا کسی سٹاف کے بغیر تجرباتی سفر کا آغاز

February 03, 2023

لندن (پی اے) ایڈنبرا میں دنیا کی پہلی سیلف ڈرائیونگ بس نے کسی اسٹاف کے بغیر تجرباتی سفر کا آغاز کردیا، بزنس، انرجی اور صنعتی حکمت عملی سے متعلق ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ایڈنبرا سکیم کو 7 خود مختار پسنجر اور سامان بردار گاڑیوں کے پروگرام میں شامل کئے جانے کے بعد توسیع دی جائے گی اور اس پروگرام کو حکومت اور انڈسٹی کی 81ملین پونڈ کی مشترکہ فنڈنگ کے پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق 5 سیلف ڈرائیونگ سنگل ڈیکر بسیں ایڈنبرا میں فیری ٹول پارک اور رائیڈ ان فائف اور ایڈنبرا پارک ٹرین اور ٹرام ایکسچینج سے فورتھ روڈ برج کے ذریعہ مسافروں کو موسم بہار سے ان کی منزل تک پہنچائیں گی۔ بس میں مسافروں کو بس میں سوار ہونے، ٹکٹ خریدنے اور دیگر معلومات فراہم کرنے کیلئے عملے کا ایک فرد موجود ہوگا۔ Beis کا کہنا ہے کہ نئی فنڈنگ سے CAVForth II کو چھوٹی گاڑیوں کے ساتھ تجرباتی طورپر چلانے کا موقع ملے گا، جس سے عملے کے بغیر گاڑیاں چلائی جاسکیں گی۔ بس آپریٹر اسٹیج کوچ کا کہنا ہے ابتدائی طورپر موسم بہار سے 14 میل کے روٹ پر چلائی جانے والی ان بسوں کے روٹ میں Dunfermline سٹی سینٹر تک توسیع دیدی جائے گی۔ اس سے اس کی مجموعی مسافت کم وبیش20 میل ہوجائے گی اور یہ اے اور بی کی مصروف سڑکوں پر خودکار ڈرائیونگ کا ایک حسین منظر ہوگا، اس کے علاوہ ایسڈا سپر مارکیٹ کے اشتراک سے حب سے حب تک نام کی ایک دوسری سکیم کے تحت خودکار یعنی ڈرائیور کے بغیر ہائیڈروجن سے چلنے والی گاڑیوں کے تجربے کیلئے فنڈ جاری کئے جائیں گے، ان گاڑیوں کو ایک ریموٹ ڈرائیور کنٹرول کرے گا، اس کی تجرباتی سروس اگلے سال شروع کئے جانے کا امکان ہے۔سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کے دوسرے پراجیکٹس بلفاسٹ، کیمبرج، سولی ہل اور کوونٹری کے لئے ہوں گے، جن میں سے 2 سندرلینڈ میں ہیں۔توقع ہے کہ یہ تمام سکیمیں 2025 تک یہ ثابت کردیں گی کہ کمرشیل سروس کا بوجھ برداشت کرسکتی ہیں۔ بزنس سے متعلق امور کے وزیر گرانٹ شیپس کا کہنا ہے کہ چند سال کے اندر سیلف ڈرائیونگ گاڑیاں ہماری معیشت میں اربوں ڈالر کا اضافہ کرنے کے قابل ہوجائیں گی اور اس سے برطانیہ میں ملازمت کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معیشت کا فروغ ہے، جس کے حصول کا ہم نے عزم کر رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم جو سپورٹ فراہم کر رہے ہیں، اس سے ہماری ٹرانسپورٹ اور ٹیکنالوجی کے موجدین کو اپنے آئیڈیاز کو مارکیٹ میں پیش کرنے اور عالمی مقابلے میں شرکت کا موقع ملے گا۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر مارک ہارپر کا کہنا ہے کہ سیلف ڈرائیونگ گاڑیاں بشمول بسیں لوگوں کی روزمرہ زندگی میں بدلائو لائیں گی، اس سے ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے اور کلیدی سروسز تک رسائی میں آسانی ہوگی، ہم اس کے بھرپور فوائد حاصل کرنے کیلئے اس کو سپورٹ کررہے ہیں، اس سے نہ صرف ہنرمند لوگوں کیلئے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے یہ اہم شعبہ بھی ترقی کرے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی سڑکوں پر سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کی محفوظ طریقے سے چلائے جانے کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔