یوکرین میں یورپی یونین کے رہنماؤں کا اہم اجلاس، روسی لڑاکا طیاروں کی پروازیں

February 04, 2023

کیف(نیوز ڈیسک)یوکرین میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے اہم اجلاس کے دوران روسی لڑاکا طیارے دھمکانے کی غرض سے کیف کی فضائی حدود میں چکر لگاتے رہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین یورپی یونین کے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے یوکرین کے دارالحکومت کیف پہنچ گئیں جہاں ان کا استقبال صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کیا۔خیال رہے کہ یورپی یونین کے رہنما یوکرین کی بلاک میں شمولیت کیلئے یوکرینی حکام سے مذاکرات کرنے جنگ زدہ ملک کے دارالحکومت کیف پہنچے ہیں جہاں روسی طیاروں نے شدت سے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔یاد رہے کہ روس نے ہمیشہ ہی یوکرین کے کسی بھی مغربی اتحاد میں شمولیت کو اپنی قومی سلامتی کے خلاف قرار دیتے ہوئے شدید مخالفت کی ہے۔روس کی یوکرین کے چار شہروں پر قبضے اور ایک سال سے مسلسل جنگ مسلط کئے جانے کے باعث یورپی یونین کے اس اجلاس میں کسی اہم پیش رفت کا امکان نہیں۔یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کی درخواست کے ردعمل میں روس نے گزشتہ برس فروری کو یوکرین پر جنگ مسلط کی تھی جو اب بھی کئی محاذوں پر جاری ہے۔ جنگ میں اب تک ہزاروں فوجی اور شہری مارے جا چکے ہیں۔