دوبچوں کی ماں کے دریا میں گرنے کا یقین ہے، لنکا شائر پولیس

February 04, 2023

لندن (پی اے) پولیس کا افسوس کے ساتھ کہنا ہے کہ اسے یقین ہے کہ دو بچوں کی لاپتہ ہونے والی ماں نکولا بلی دریا میں گر گئی۔ 45 سالہ خاتون کو آخری مرتبہ ایک ہفتہ قبل لنکاشائر کے سینٹ مائیکل آن وائر میں دریائے وائر کے کنارے کتے کے ساتھ سیر کرتے دیکھا گیا تھا۔ مس نکولا بلی کی سرگرمی سے تلاش جاری ہے لیکن ابھی تک اس کا سراغ نہیں ملا ہے۔ پولیس کھلے ذہن کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ لنکا شائر پولیس کا کہنا ہے کہ اس اہم کام کے حوالے سے ہمارا یہ مفروضہ تھا کہ وہ دریائے وائر میں گر گئی اور یہ مشتبہ نہیں بلکہ لاپتہ شخص کا المناک معاملہ ہے۔ سپرنٹنڈنٹ سیلی ریلی نے کہا کہ مس نکولا بلی کو آخری بار 27 جنوری کو مقامی وقت 09:10 جی ایم ٹی پر دیکھے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ جب وہ اپنے کتے کے ساتھ اپرفیلڈ میں سیر کر رہی تھیں۔ پولیس آفیسرز کو ان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں 25 منٹ بعد اس وقت الرٹ کیا گیا، جب ان کا کتا سپینل ولو گارسٹانگ روڈ کے قریب کھلا دوڑتے پایا گیا۔ ان کو آخری بار ایک اور ڈاگ واکر نے دیکھا تھا۔ دریں اثناء نکولا بلی کی فیملی نے نکولا کی محفوظ واپسی کیلئے جذباتی اپیل کی ہے۔