امریکہ کی فضاؤں میں چین کے جاسوس غبارے کی اڑان

February 04, 2023

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکہ کی فضاؤں میں چین کے جاسوس غبارے کی نشاندہی پر محکمہ دفاع پینٹاگون نے طیارے بھیج دئیے۔امریکی محکمہ دفاع نے پینٹاگون کی جانب سے بیان میں کہا کہ چین کا گرم ہوا کا غبارہ امریکہ کے شمال مغربی علاقے میں اڑتا ہوا پایا گیا جہاں زیرزمین بنکرز میں اسٹرٹیجک میزائل رکھے گئے ہیں اورحساس فضائی اڈے موجود ہیں۔امریکی دفاعی حکام کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور وزیردفاع لائیڈ آسٹن اوردیگر فوجی حکام نے غبارے کو مار گرانے پر تبادلہ خیالات کیا تاہم زمین پرموجود لوگوں کو نقصان سے بچانےکیلئے کارروائی نہیں کی گئی۔چین کے غبارے کی نشاندہی پرپینٹاگون نے جنگی طیارے اس علاقے میں بھیج دئیے جہاں غبارہ اڑتا ہوا پایا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ غبارہ دو روز قبل امریکی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ اس کی پرواز سے واضح ہے کہ غبارے کو جاسوسی کی غرض سے بھیجا گیا تھا۔