ہائیکورٹ، لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم

February 04, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) جسٹس نعمت اللہ پھپلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتا شہریوں بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی،جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے کہ جن کے گھرسے کوئی لاپتا ہے وہ پریشان تو ہوتا ہے، پولیس تلاش کرنے کی کوشش کررہی ہے، اہلخانہ کی داد رسی بہت ضروری ہے، پولیس حکام لاپتا شہریوں کے اہلخانہ کے ساتھ بیٹھ ان کی بات سنیں ، جن پر یہ شکوک و شبہات کا اظہار کررہے ہیں ان سے بھی چھان بین کریں، لاپتا شہری کی بزرگ بہن نے عدالت میں دہائیاں دیتے ہوئے کہا کہ دھنی بخش کو 4 سال پہلے میرے سامنے اٹھا کرلے جایا گیا ، جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا اللہ تعالیٰ پر یقین رکھیں عدالت لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے بھر پور کوشش کر رہی ہے، عدالت نے درخواست گزار کا بیان جے آئی ٹی کے سامنے ریکارڈ کرنے اور شہری محمد عمر صدیقی، ارسلان الدین، دھنی بخش اور دیگر لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔