کراچی کے اسسٹنٹ کمشنر نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی

February 04, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں اسسٹنٹ کمشنر کا چارج سنبھالنے والے حازم بنگوار نے چند دنوں میں ہی سوشل میڈیا کی توجہ حاصل کر لی ہے تاہم یہ سوال ذہن میں آتا ہے کہ ان کی بے مثال شخصیت کو وائرل ہونے میں اتنا عرصہ کیوں لگا۔ صرف ٹوئٹر پر نظر دوڑائی جائے تو کوئی انہیں ’اسٹائلش‘ کہہ رہا ہے تو کوئی ’فیشن ایبل‘۔ بعض نے یہ بھی کہا کہ ایک ایسی شخصیت کو سرکاری عہدے میں دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔وہ کراچی کی ضلعی انتظامیہ کا حصہ ہوتے ہوئے صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے اور پرائس کنٹرول وغیرہ کیلئے دورے کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ اپنے شوق کیلئے موسیقی اور فلاحی کاموں کو بھی وقت دیتے ہیں۔ مگر کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ان کی کارکردگی اور قابلیت کی بجائے سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر پر سوال اٹھا رہے ہیں اور بظاہر ان کے کپڑوں نے انہیں ’کلچرل شاک‘ دیا ہے۔ حازم بنگوار نے بیرون ملک فیشن ڈیزائن اور مارکیٹنگ کے شعبے میں گریجویشن کیا اور بعد میں موسیقی کی صنعت سے وابستہ ہوگئے۔ تاہم ان کے ایک فیصلے نے ان کی زندگی کا رُخ پلٹ دیا۔ ان کے والد علی اکبر بنگوار پولیس کے سابق ڈی آئی جی رہ چکے ہیں جبکہ ان کی والدہ فیروز اکبر کا تعلق عراق سے ہے اور وہ آرکیٹیکٹ ہیں۔حازم بنگوار کا کہنا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد جب پاکستان واپس آیا تو ’لوگ کہتے تھے تم یہاں ٹِک نہیں سکو گے۔ مگر میں نے ایس پی ایس سی (سندھ میں مقابلے کے) امتحانات دیئے اور پہلی ہی باری میں پاس ہوگیا۔‘وہ کہتے ہیں کہ امریکہ میں انھوں نے پِٹ بُل، جیسی جے اور نِکی میناج جیسے گلوکاروں کے ساتھ کام کیا مگر پھر ’اچانک دماغ میں بات آئی کہ دوسروں کے لیے کر سکتا ہوں تو اپنے لیے کیوں نہیں کرتا۔ یہاں میں نے پہلا گانا ’حرام‘ ریلیز کیا۔ کافی لوگوں نے اسے پسند کیا۔‘ یوں ’صبح سیکریٹریٹ اور شام کو اسٹوڈیو‘ زندگی کا معمول بن گیا۔ تاہم ’دونوں چیزیں بیلنس ہو رہی ہیں۔‘ ان کی فلاحی تنظیم ساحلی علاقوں کی صفائی سمیت دیگر ماحولیاتی منصوبوں پر کام کرتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم عوام کو سہولت دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہم تجاوزات ہٹاتے ہیں، اشیا کی قیمتیں کنٹرول کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ہسپتالوں کے دورے کرتے ہیں۔ کسی کو ناجائز تنگ نہیں کرتے۔‘ اس سے قبل وہ اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو سینٹرل بھی رہ چکے ہیں۔