عوام کو کم وقت میں صالحین کمیٹی سے انصاف ملے گا، شوکت یوسفزئی

February 04, 2023

پشاور (جنگ نیوز)کمشنر ہزارہ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ صالحین کمیٹی کے قیام سے عدالتوں، انتظامیہ اور پولیس پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا اور عوام کو بروقت انصاف فراہم ہوگا اس کمیٹی میں ایسے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو غیر سیاسی، امانتدار اور مخلص ہوں تاکہ عوام کو صحیح معنوں میں انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے اور اس ایکٹ کے تحت دیوانی اور فوجداری مقدمات باآسانی حل ہو سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنرہاؤس میں ڈویژنل صالحین کمیٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت، ڈی سی مانسہرہ بلال شاہد راؤ، ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر، ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر، ڈپٹی کمشنر کولئی پالس،سینئر سول جج محمد شعیب، مظہر حسین، اعجاز الحق، بخت زادہ، ڈی پی ثاقب سلطان جدون، ایس پی جمیل الرحمان، ڈی ایس پی نعیم شاہ ، ڈائریکٹر آئی بی عمران خان جدون، اے ڈی سی طہماس ایوب اور سیکرٹری ٹو کمشنر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان اپر، کوہستان لوئر کوہستان کولئی پالس کے ممبران صالحین کمیٹی کے ناموں کی منظوری دی گئی۔ کمشنر ہزارہ نے کہا کہ اس کمیٹی کے حوالے سے باقاعدہ ضلعی سطح پر سیمینار وں کے انعقاداورمیڈیا کے ذریعے عوام تک شعور اور آگاہی پہنچائی جائے0 تاکہ اس کمیٹی کی افادیت کے حوالے سے عوام کو پتہ چلے۔