پشاور (آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر کیلئے خصوصی اقدامات اٹھارہی ہے اس حوالے سے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں خطیر رقم مختص کی گئی ہیں۔ضم اضلاع کی ہر تحصیل کی سطح پر سپورٹس گراونڈ کی تعمیر پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور ضلع بٹگرام میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت جاری کی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سیکرٹری کھیل کے دفتر میں منعقدہ اے ڈی پی 2026-27 کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری کھیل اومور نوجوانان محمد آصف،ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر یوتھ آفئیرز ڈاکٹر نعمان مجاہد اور احساس نوجوان پروگرام کے حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں حکام نے مشیر کھیل کو صوبہ اور ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی سکیموں،یوتھ ایمپاورنمنٹ پراجیکٹ، جوان مرکز،گرینڈ پشاور یوتھ کمپلیکس،ضم اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی ڈیجیٹائزیشن،ضم اضلاع میں تحصیل سطح پلے گراونڈز،مانسہرہ،چترال اپر،دیر لوئر اور سپورٹس کمپلیکس بٹگرام اور ضلع خیبر میں ملٹی پرپوز انڈور جمنازیم کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔