لاہور ہائیکورٹ نے اصغر عبداللّٰہ کی درخواست فل کورٹ بینچ کی تشکیل کے لئے رجسٹرار آفس بھجوادی

February 04, 2023

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز نے مصنف اصغر عبد اللہ کومجلس ترقی ادب کے سربراہ کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے خلاف درخواست فل بینچ کے روبرو سماعت کیلئےمقرر کرنے کیلئے رجسٹرار آفس کو بھجوا دی ،درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر ہارون نے موقف اپنایا کہ نگران حکومت کو یہ اختیار ہی نہیں ، عدالت حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواستگزار کو عہدے پر بحال کرنیکا حکم دے۔ پٹیشنر کی طرف سے ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بیرسٹر ہارون پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ نگران حکومت نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ان کے موکل کومجلس ترقی ادب کی سربراہی سے ہٹایا ہے ۔ سماعت کے دوران جسٹس عابد عزیز نے کہا کہ پٹیشن میں جو قانونی نکتہ اٹھایا گیا ہے، یہ بہت ہی اہم ہے اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کی پٹیشن میں بھی یہ نکتہ زیربحث ہے، جس پر چیف جسٹس نے فل کورٹ بینچ تشکیل دے دیا ہے، ہم اس پٹیشن کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی پٹیشن کے ساتھ منسلک کرتے ہوئے فل بینچ کو منتقل کر رہے ہیں اور اب اس کی سماعت بھی فل کورٹ بینچ کے روبرو ہو گی۔ یاد رہے محمد اصغر عبداللہ نے مجلس ترقی ادب کی سربراہی سے ہٹائے جانے کے نگران حکومت کے حکم نامہ کو لاہور ہائی کوٹ میں چیلنج کیا ہے ۔