پاکستان جانے کیلئے کسی ٹیم سے حکومتی کلیئرنس کیلئے نہیں کہا گیا، پی سی بی

February 06, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بحرین میں ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں اے سی سی ے کسی رکن ملک سے یہ نہیں کہا کہ ایشیا کپ کیلئے پاکستان آنے سے قبل اپنی حکومتوں سے کلیئرینس لیں کہ آیا ٹیمیں پاکستان بھیجی جاسکتی ہیں یا نہیں۔ پی سی بی نے غیر ملکی ویب سائٹ کی اس خبر کو غلط قرار دیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم 2017 اور 2019جبکہ بنگلہ دیش ٹیم سال 2020 میں دورہ پاکستان کیلئے آچکی ہیں ۔ آئی سی سی فیوچر ٹورز پروگرام کے تحت افغانستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے 2023-2027 تک پاکستان کے دوروں کی تصدیق کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی سی بی نے موقف اختیار کیا کہ ستمبر میں پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے بھارتی ٹیم نہیں آئے گی تو اکتوبر میں پاکستان بھی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجے گا ۔ نجم سیٹھی کی جانب سے سخت گیر موقف کے بعد اب ایشین کرکٹ کونسل کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کو آئندہ ماہ طلب کیا گیا ہے۔ مارچ ہی میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس بھی ہے۔ دونوں اجلاس ایک ساتھ ہوں گے جس میں ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لئے درمیان راہ نکالی جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نجم سیٹھی نے پی سی بی کے سرپرست اعلی اورو زیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی اور ان کی رہنمائی کے بعد وہ اجلاس کیلئےگئے تھے۔ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھارتی وزیر داخلہ امیت کے بیٹے جے شاہ ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشیا کپ متاثر ہوا تو ورلڈ کپ کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی پر بھی ڈیڈ لاک ہوگا۔ پاکستان نے2025 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا خیال ہے کہ اگر بھارت اس سال ایشیا کپ کے لئے اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا تو چیمپئنز ٹرافی میں اس کی شرکت مشکوک ہوجائے گی۔ پاکستان ایشیا کپ کو ورلڈ کپ سے مشروط کرکے بھارت پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔ آئندہ ماہ ایشین کرکٹ کونسل اور انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہنگامہ خیز ہونے کی توقع ہے۔