پنجاب، اسلام آباد میں پٹرول کی پھر مصنوعی قلت

February 07, 2023

اسلام آباد(عاطف شیرازی) پنجاب بھر اور اسلام آباد میں پٹرول کی ایک بار پھر مصنوعی قلت پیدا ، کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے کے باعث پٹرول سپلائی چین ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، جڑواں شہروں کے متعدد پٹرول پمپس نے’’ پٹرول سپلائی بند ہے‘‘ کے بورڈ لگا کر پٹرول پمپ بند کر دیئے، مری روڈ اور اندرون راولپنڈی میں پٹرول پمپوں کو بند کر دیا، کئی پٹرول پمپس موٹر سائیکل سواروں کو 200روپے سے زائد کا پٹرول فراہم نہیں کر رہے تھے،پنجاب کے دیگر شہروں خوشاب،منڈی بہاو الدین، جوہرآباد،سلانوالی میں بھی پٹرول کی قلت کی شکایت موصول ہوتی رہی جبکہ اسلام آباد میں بھی پٹرول کی دستیابی ایک مسئلہ بنی رہی، صارفین نے بتایا کہ ایک بار پھر پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی افواہ ہے،،ادھر آئل کمپنیوں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو پٹرول کی قلت کا سامنا ہے، ایل سی میں پندرہ سے بیس فیصد کمی ہوئی ہے، ادھر، اوگرا حکام نے بتایا ہے کہ اوگرا مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے رہا ہے،پٹرولیم مصنوعات کے مطلوبہ دن کے ذخائر موجود ہیں۔