اسٹریٹ کرائمز کنٹرول کرنے کے لئے ٹارگٹڈ آپریشن کی منظوری

February 07, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹارگیٹیڈ آپریشن کی منظوری دیدی ہےاس سےجرائم میں کمی ہو گی اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے مزید قانون سازی کررہے ہیں اور محکمہ قانون نے ڈرافٹ تیار کیا ہے سیف سٹی اتھارٹی کا قانون منظور کروا دیا ہے،کراچی کے داخلی و خارجی پوائنٹس پر کیمرے لگ جائیں گے۔ کابینہ اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں منعقد ہوا تھا۔اجلاس کا ایجنڈہ طویل تھا لہٰذا جمعرات کو پھر کابینہ کا اجلاس ہوگا۔ کابینہ کے اجلاس میں ترکیہ زلزلہ پر افسوس کا اظہار کیا گیا ، مزید برآں کابینہ نے سجاول ہیلتھ یونٹ اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی۔ جناح اسپتال میں مستقل سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر لانے کی منظوری دی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارشوں سے بیس لاکھ املاک کی تباہی کی تصدیق ہوئی ہے ۔ گھروں کی تعمیر کے لیے تین تین لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔ رقم دینے کے بعد اس کی تصدیق بھی کی جائے گی کہ صحیح جگہ پر خرچ ہوئے ہیں کہ نہیں۔ جس کے لیے پانچ غیر سرکاری محکموں سے تصدیق کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے۔