سندھ اسمبلی، مہنگائی میں اضافےکے سبب لوگ فرسٹریشن کا شکار

February 07, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، مہنگائی میں اضافےکے سبب لوگ بہت زیادہ فرسٹریشن کا شکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اسپتالوں میں مینٹل کیسزکی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا ہے،یہ بات وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے پیر کوسندھ اسمبلی میں محکمہ صحت سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کو جواب دیتے ہوئے بتائی،ایوان نے پیر کو پشاور بم دھماکے کے خلاف ایک مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ، قرارداد میں پیپلز پارٹی کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ ملک میں کسی صورت دہشت گردی کو قبول نہیں کرے گی ۔ ایوان کی کارروائی کے دوران پیپلز پارٹی کی رکن ندا کھوڑو نے پشاور بم دھماکہ پر مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔قرارداد میںاس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی صورت دہشت گردی کو قبول نہیں کرے گی۔