پنجاب میں آٹا انڈسٹری اور وزارت خوراک آمنے سامنے

February 07, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں آٹا انڈسٹری اور وزارت خوراک نے ایک دوسرے کو چیلنج کر دیا ہے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے ہنگامی اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ صوبائی سیکرٹری خوراک زمان وٹو نے چارج لیتے ہی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔ پوری وزارت اور محکمے کو فلور ملوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں شروع کرائی ہیں جس سے لاہور ڈویژن میں 13فلور ملوں کا کوٹہ ایک ہی دن میں معطل کرنے کے بلاجواز فیصلے کئے گئے ہیں مگر یہ پرائیویٹ سیکٹر کی فلور ملنگ انڈسٹری کو کسی طرح گوارہ نہیں ہے۔ اُنہوں نے الٹی میٹم دیا کہ آئندہ جمعہ تک اصلاح احوال نہ ہوا تو پنجاب کے ایک ہزار سے زائد فلور ملز مالکان راست اقدام کرنے پر مجبور ہونگے جبکہ صوبائی سیکرٹری خوراک زمان وٹو نے واضح کر دیا ہے کہ فلور ملوں پر چھاپے مار کر اُنکی طرف سے کی گئی بے قاعدگیوں کا سخت نوٹس لیا جائیگا۔