کشمیری عوام بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، زاہد صفی

February 07, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ایگزیکٹیو ممبر زاہد صفی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کی جنگ لڑرہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب انہیں اپنی جدوجہد میں وہ کامیابی نصیب ہوگی جس کیلئے اب تک ہزاروں جوان ، بچے ، بزرگ اور عورتیں اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں ، بلوچستان میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر اشرف ڈار ، عظیم بٹ و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار میں کسی سے پیچھے نہیں ان کی دعائیں اور اخلاقی حمایت ہمارئے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر معتصب بھارتی ریاستی جبر سے آزاد ہوگا انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلایا جائے ۔