پولیس لائنز مسجد واقع ناقابل فراموش سانحہ ہے، سرتاج قزلباش

February 07, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر)امامیہ جرگہ خیبرپختونخوا کے ایک نمائندہ وفد نے برگیڈیئر سرتاج قزلباش کی قیادت میں انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری سے سانحہ پولیس لائنز مسجد کے شہداء کی تعزیت کے لئے ملاقات کی۔ وفد میں ان کے ہمراہ مولانا عابد حسین شاکری، مولانا نذیر حسین مطہری انجمن مومنین پشاور صدر کے فرزند علی خان بنگش، امامیہ جرگہ کے سینئر نائب صدر آغا صباح الحسن زاہد، مرکزی شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار کمیٹی کے سیکرٹری بختیار علی رازی، امامیہ جرگہ کے نمائندہ خصوصی سردار ابراہیم حسین زاہد اور علی افضال قزلباش بھی شامل تھے۔ جنرل سیکرٹری امامیہ جرگہ برگیڈیئر سرتاج قزلباش نے کہا کہ یہ ایک ناقابل فراموش سانحہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور اس پہ گہرے دکھ اور دل خراش سانحہ نے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے پاکستان کے عوام پہ گہرے نقش چھوڑے ہیں بریگیڈیئر سرتاج قزلباش نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی پوری ملت جعفریہ اس غم میں پولیس کے برابر کے شریک ہیں۔ برگیڈیئر سرتاج قزلباش نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جو قربانیاں دی ہیں اس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور پولیس کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ باور کرنا چاہتے ہیں شہدائے پولیس کے خاندان کے غم۔میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملت جعفریہ کی قربانیاں بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور ہم یہ یقین دلاتے ہیں کہ دہشتگردی کے خلاف ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔