دہشتگردوں کیساتھ سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنانا ہے، آئی جی

February 07, 2023

لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ دہشت گردو ں کے ساتھ ساتھ انکے سہولت کاروں کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی نے گزشتہ روزپولیس لائنزقلعہ گجرسنگھ میں افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس افسران و اہلکاروں کی سزاؤں کے خلاف زیر التواء اپیلوں پر متعلقہ افسران کو 16فروری 2023تک فیصلے کا حکم دے چکا ہوں جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں کی محکمانہ پروموشن کا عمل تیز کرنے کیلئے صوبے کے تمام آرپی اوز، ڈی پی اوز کو تین روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے پابند کیا ہے کہ کانسٹیبل سے ڈی ایس پی تک ترقی کیلئے اے سی آرز سمیت تمام کاغذات اور سفارشات 9فروری تک سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ بعدازاں آئی جی عثمان انور نے سیف سٹیز اتھارٹی قربان لائنز کا دورہ کیا،انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک مینجمنٹ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں میں بھرپور استفادہ کیا جائے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کرائم ہٹ ایریاز کی مانیٹرنگ پر فوکس رکھا جائے اور جرائم کے قلع قمع کیلئے فیلڈ میں تعینات ٹیموں کو ٹارگٹڈ آپریشنز کیلئے ہر ممکن معاونت دی جائے۔