اسکاٹش حکومت کینسر میں کمی کیلئے موثر اقدامات کرے، کینسر ریسرچ یوکے

February 08, 2023

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں کینسر کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اگر یہی صورت حال برقرار رہی2040ء تک مریضوں کی تعداد ایک چوتھائی بڑھ جائے گی جب کہ اموات میں17فیصد اضافہ ہوجائے گا۔ کینسر ریسرچ یوکے کے حکام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کینسر کے کیسز میں کمی کے لیے مزید موثر اور جرأت مندانہ اقدامات کرے۔ حکومتی وزراء کا کہنا ہے کہ وہ ایک10سالہ حکمت عملی بنا رہے ہیں، جس میں کینسر کی روک تھام کے پروگرام، تشخیص سے لے کر علاج اور علاج کے بعد نگہداشت کی حکمت عملی شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کینسر کے کیسز بڑھنے کی وجوہات میں غیر صحت مندانہ طرز زندگی، تمباکو نوشی، موٹاپا، بڑھاپا اور غربت شامل ہیں کینسر یوکے، کے اینڈی گلینڈ نے کہا کہ سال بھر میں ہم کینسر کے42ہزار کیسز کا سامنا کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ہم سگریٹ نوشی اور موٹاپے پر قابو پالیں تو40فیصد کیسز سے بچا جاسکتا ہے۔ 2018ء میں اسکاٹ لینڈ میں کینسر کے1800کیسز کی وجہ بڑھاپا تھا۔ ایڈنبرا یونیورسٹی میں پبلک ہیلتھ پروفیسر لنڈا بالڈ نے کہا کہ اگرچہ کیسز کی چند اقسام مثلاً پروسٹیٹ کیسز وغیرہ سے فی الحال بچا نہیں جاسکتا لیکن ہم اپنا طرز زندگی بدل کر آنٹری، پھیپھڑوں اور چھاتی کی کیسز کو نمایاں طور پر کم کرسکتے ہیں۔ حکومت کے ایک ترجمان نے کہا کہ جہاں اس وقت زیادہ لوگوں میں کینسر کی تشخیص ہورہی تو اس کے ساتھ ہی کینسر کے جدید طریقہ علاج اور میڈیکل سائنس میںترقی کی بدولت لوگوں میں صحت یابی کی شرح بھی بڑھی ہے اور اس مرض میں مبتلا لوگ اب زیادہ عرصہ زندہ رہتے ہیں۔