250 سے زائد اسکیمیں سندھ حکومت کے ماتحت پروجیکٹ کلک کو منتقل

February 08, 2023

اکراچی (اسٹاف رپورٹر ) ادارہ ترقیات کراچی نے کہا ہے کہ شہر کی 250سے زائد اسکیمیں سندھ حکومت کے ماتحت چلنے والے پروجیکٹ کلک کو منتقل کردی گئیں ہیں ، اعلامیے کے مطابق کے ڈی اے نے گذشتہ غیر معمولی بارشوں کے دوران شہر کے تباہ ہونے والے انفرااسٹرکچر سے متعلق رپورٹ سندھ حکومت کو ارسال کی تھی، سندھ حکومت کے احکامات پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید محمد علی شاہ اور سابقہ ممبر فنانس کے ڈی اے اور موجودہ میونسپل کمشنر سید شجاعت حسین کی نگرانی میں ادارے کی ٹیم نے شہر کی سڑکوں کا سروے کر کے250 سے زائد اسکیموں کا منصوبہ تیار کیا جس میں سڑکوں کی اہمیت، موجودہ حالت بشمول لمبائی وغیرہ شامل تھی ، کے ڈی اے رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کی 50 اسکیموں میں 7مکمل اور 15پر ترقیاتی کام جاری ہے، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی46 اسکیموں میں سے 5 مکمل اور 8 اسکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں، ضلع ملیر کی 11 اسکیموں میں سے 4پر کام جاری ہے جبکہ ضلع کورنگی کی 7 میں سے 3، ڈسٹرکٹ ویسٹ کی7میں سے 3، اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 95میں سے 20 پر ، ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کی بھی20اسکیموں میں سے10 پر ترقیاتی کام جاری ہے۔