قرض کی بجائے حکمران شاہ خرچیاں ختم کریں، کمیونسٹ پارٹی

February 08, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان کے زیراہتمام منگل کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں سے ملنے والا قرض اور امداد کبھی پاکستان کے عوام کی فلاح و بہتری کیلئے استعمال نہیں ہوئی اور نہ ہی عوام کو کبھی اس سے فائدہ ہوا ہے بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط مان کر عوام پر مہنگائی کا بم گرایا جاتا ہے ، عالمی مالیاتی اداروں سے قرض و امداد چند کرپٹ لوگوں کے بیرون ممالک اکاؤنٹس میں منتقل ہوتے رہے ہیں اور اس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تو ہر دفتر ہر محکمے اور ہر ادارے میں ایک مافیا جڑ پکڑ چکا ہے جو کسی قسم کے ثمرات غریب عوام اور حق دار لوگوں تک نہیں پہنچنے دیتا ان مافیاز کا خاتمہ کئے بغیر انقلاب ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ 9 فروری کو آئی ایم ایف کا وفد مذاکرات کیلئے ایک بار پھر پاکستان آرہا ہے، مذاکرات کو کامیاب بنانے کیلئے ریاست نے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں پہلے سے ہی بے پناہ اضافہ کردیا ہے ، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں پہلے ہی غریب عوام کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں ، ریاست نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ، عام آدمی اب دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوگیا ہے، ایسے میں اگر آئی ایم ایف کی عوام دشمن شرائط کو تسلیم کرکے قرض لیا گیا تو مہنگائی اور بے روزگاری کا ایک نیا طوفان آجائے گا ، جس کے نتیجے میں عوام بھوک اور فاقوں سے مر جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اگر ڈیفالٹ سے بچانا ہے تو آئی ایم ایف سے قرض لینے کی بجائے حکمرانوں و افسر شاہی کی شاہ خرچیاں ختم کی جائیں ۔ جاگیرداروں ، سرمایہ داروں پر ٹیکس لگائے اور بیرون ممالک اکاؤنٹس میں پاکستانی عوام سے لوٹا گیا پیسہ واپس لایا جائے ۔