کے پی، یونیورسٹیوں میں الائیڈ ہیلتھ پروگرامز غیر قانونی قرار

February 09, 2023

پشاور(ارشد عزیزملک) گورنر انسپکشن ٹیم نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں الائیڈ ہیلتھ پروگرامز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل، ڈینٹل اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز پروگرامز کا انعقاد صرف خیبر میڈیکل یونیورسٹی کامینڈیٹ ہے۔گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان کے وائس چانسلر کےغیر متوقع ، غیر معقول اور من مانے فیصلے نے اپلائیڈ ہیلتھ سائنسز کے 853 طلباء کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔اس سارے عمل میں طلبہ کا ہی نقصان ہوگا ۔ مناسب معیاری تعلیم کی عدم موجودگی میں، گریجویشن کے بعد ان طلباء کی حیثیت عطائیوں سے مختلف نہیں ہوسکتی ہے۔گورنر انسپکشن ٹیم نے اپنی رپورٹ اور سفارشات گورنر کے پی کو منظوری اور عمل درآمد کے لیے پیش کر دی ہے ۔یونیورسٹی کے ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ قانون کے تحت یونیورسٹی میں الائیڈہیلتھ کے پروگرام کا اغاز کیا گیا تھا تاکہ طلباء جدید دورکے تقاضوں کےعین مطابق تعلیم حاصل کرسکیںفیکلٹی اور سہولیات میں بتدریج اضافہ کیا جانا تھا لیکن سیاسی مداخلت نے معاملات کو متاثر کیا اور وی سی کو زبردستی رخصت پر بھیج دیا گیا ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے محسوس کیا کہ گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان کے پروگراموں کے لیے نصاب وضع / تجویز کرنا بورڈ آف اسٹڈیز کا مینڈیٹ تھا لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے اس امر کو جان بوجھ کر نظرانداز کردیااس کے باعث مطالعہ کی اسکیم، پروگراموں کے کریڈٹ اوقات، اور فیکلٹی کے کام کے بوجھ کا صحیح طریقے سے تعین نہیں کیا گیا۔