اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی فعال کرنے کیلئے اسحاق ڈارکی سربراہی میں کمیٹی قائم

February 09, 2023

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی کارکردگی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کو فعال کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی وسائل کا ضیاع کسی صورت قبول نہیں، وزیراعظم کی زیرِ صدارت سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں موجود وسائل کا مزید ضیاع کسی صورت قبول نہیں۔باصلاحیت پاکستانی نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں اپنے تئیں روزگار کما رہے ہیں جبکہ متعلقہ اتھارٹی غیر فعال ہے۔وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیرِ قانون، وزیرِ سرمایہ کاری، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، سینیٹر عفنان اللہ اور چیئرمین سی ڈی اے کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کو بھی فوری طور پر فعال کیا جائے۔ بورڈ آف گورنرز میں متعلقہ شعبے کے ماہرین کی موجودگی یقینی بنائیں۔ وزیرِ اعظم نے اتھارٹی میں پلاٹوں میں سرمایہ کاری کی بجائے اس کے اصل مقصد یعنی ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے اتھارٹی کو فعال اور مؤثر طریقے سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اقدامات کے ترجیحی بنیادوں پر نفاذ کی بھی ہدایت کی۔علاوہ ازیں پبلک سیکٹر انٹر پرائزز کی نجکاری کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے پبلک سیکٹر انٹر پرائزز جن کی نجکاری کی سفارش نجکاری بورڈ نے کی ہے ان کی نجکاری کے عمل کو تیز تر بنایا جائے، نجکاری کے عمل میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئے۔