مذہبی ہم آہنگی ملکی سلامتی کیلئے ضروری ہے، بشپ فریڈرک جان

February 09, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بشپ فریڈرک جان ، بشپ خالد رحمت ، خلیل جارج ، ڈاکٹر عطاالرحمٰن ، صادق نورزئی ، مولانا روزی خان ، سردار جسبیر ، پادری سائمن بشیر و دیگر نےکہا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی ملک کی سلامتی کے لئے ضروری ہے ، مسجد اور چرچ سے امن کا پیغام جائے گا تو ملک میں امن آئے گا ۔ سانحہ پشاور،بلوچستان اور ترکیہ و شام میں زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے ، بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کومیتھو ڈیسٹ چرچ میں شہداء سانحہ پشاور و بلوچستان ، کشمیری عوام اور ترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے جس نے قدرتی آفات سمیت ہر موقع پر پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی بھرپور مدد کی جسے ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مذہب سے تعلق نہیں ہوتا ، بلوچستان سمیت جہاں دہشت گردی ہوتی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعصب ہندوستان نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 ختم کرکے کشمیریوں کے حقوق غضب کئے جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔