ٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے حکومت قواعد و ضوابط مقرر کرے ،بی این پی

February 09, 2023

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر غلام نبی مری ، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی احمد قمبرانی اور پارٹی کے ضلعی کونسلر ابوبکر لانگو نے سانحہ نمی چیک پوسٹ لسبیلہ میں مسافر بس میں شہید ہونے والے نوجوان بھائیوں قاضی رحمت اللہ نیچاری اور قاضی احسان اللہ نیچاری کے گھر واقعہ سمنگلی روڈ کلی نیچاری جا کر ان کے والد حاجی سیف اللہ نیچاری سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ملک غلام حیدر نیچاری ، حاجی سیف اللہ قمبرانی اور دیگر بھی موجود تھے پارٹی رہنماؤں نے اس دلخراش سانحہ پر گہرے دکھ رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سردار اختر جان مینگل اور پارٹی کی دیگر قیادت کی طرف سے ہمدردی کا اظہار کیاجبکہ لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس درد ناک واقعہ میں پسماندگان کے غم و دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہےکہ کوئٹہ کراچی شاہراہ ایک خونی شاہراہ بن چکی ہے۔اور اس طرح کے دلخراش سانحات اور واقعات معمول بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج 21ویں صدی میں بھی بلوچستان کا یہ المیہ ہے کہ آج بھی اس کی شاہراہیں سفر کیلئے غیر محفوظ ہیں۔انہوں نےکہاکہ شاہراہوں کا دورویہ نہ ہونا،مسافر بسوں میں غیر قانونی طور پر پیٹرولیم مصنوعات ، باڈی اسپرے سمیت گریزی کا دیگرسامان لے جانے ،ناتجربہ کار ڈرائیونگ،تیز رفتاری ، موٹر وے پولیس عملے کا موجودنہ ہونا، فائر بریگیڈ ز کی عدم موجودگی ،ایسے حالات میں حادثات کی صورت میں ایمرجنسی ابتدائی طبی امداد و دیگر ضروری سامان کا نہ ہوناحادثات میں زیادہ نقصانات کا سبب بن رہاہے۔انہوں نے کہاکہ تیز رفتاری کیلئے حکومتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، تمام مسافر بسوں میں مقابلہ بازی لگی ہوتی ہےکہ وہ جلدی میں اپنا وقت بچا کر پہلے پہنچ جائیں۔اس کی آڑ میں بہت سے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس حوالے سے قواعد و ضوابط مقرر کرے ۔