میڈیا ٹاؤن فیز ٹو، نیشنل پریس کلب سے مکمل تعاون کیا جائیگا، عامر میر

February 09, 2023

اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ محدود مدت کے مینڈیٹ میں صحافیوں، میڈیا کارکنوں اور میڈیا ہاؤسز کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، نگران وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر اور پنجاب سیکرٹری انفارمیشن و کلچر علی نواز اعوان نے بدھ کو نیشنل پریس کلب کا دورہ کیا۔ صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر نیشنل پریس کلب انور رضا، انچارج راولپنڈی پریس کلب شکیلہ جلیل، حافظ طاہر خلیل، عابد عباسی اور دیگر صحافیوں نے نیشنل پریس کلب پہنچنے پر معزز مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔نیشنل پریس کلب، پی ایف یو جے ، آر آئی یو جے اور دیگر صحافی تنظیموں کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عامر میر نے کہا کہ میڈیا ٹاؤن فیز ٹو کے قیام کے بارے میں نیشنل پریس کلب سے مکمل تعاون کریں گے ،صحافیوں کا یہ درینہ مطالبہ پورا کرنے کیلئے تمام اقدامات کریں گے۔ جگہ کے تعین کے لئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی معاونت کریں گے، پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر علی نواز اعوان نے کہا کہ میڈیا ٹاؤن فیز ٹو کیلئے زمین کی نشاندہی کیلئے نیشنل پریس کلب سے مکمل تعاون کریں گے، صحافی برادری کے مسائل سے آگاہ ہیں اور پنجاب حکومت اس حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ دریں اثناء نگران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کمشنر آفس راولپنڈی میں کسان نمائندوں کے اجلاس کی صدارت بھی کی، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں آٹا سیل پوائنٹس میں اضافہ کیا جائے اورکوالٹی کی سخت نگرانی کی جائے۔ کسانوں کو بیج کی فراہمی اور زرعی اجناس کی فروخت میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔