سول اسپتال سانگھڑ، لاکھوں روپے کی دوائیں اور مشینری چوری کا انکشاف

February 12, 2023

سانگھڑ ( محمد مبین بھٹی ) سول اسپتال سانگھڑ کے سول سرجن کا اچانک ایمرجنسی وارڈ میں چھاپہ، دوران چھاپہ لاکھوں روپے مالیت کی لیب مشینری, پرزہ جات اور زندگی بچانے والی دوائوں کی بڑی کھیپ غائب پائی گئیں متعلقہ عملہ ملوث ہے سول سرجن کا انکشاف، ذرائع کے مطابق دوران چھاپہ سول سرجن سانگھڑ ڈاکٹر محمد علی جونیجو نے اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے اوٹی سیکشن کا تالا کھولا تو اندر سے زندگی بچانے والی لاکھوں روپے مالیت کی دوائوںکی بڑی کھیپ، لیب مشینری اور دیگر سامان برآمد ہوا ،دوائوں میں انجکشن، سیرپ، ڈرپس اور ویل چیئرز سمیت لیب مشینری اور قیمتی ہرزہ جات شامل تھے اس موقع پر سول سرجن ڈاکٹر محمد علی جونیجو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دوائوں اور دیگر سامان کی چوری متعلقہ عملے اور بعض افسران کی مبینہ ملی بھگت کا نتیجہ ہے اور چوری کردہ دوائوں کی کھیپ ان کی اطلاع کے مطابق سستے داموں اوپن مارکیٹ میں فروخت کی جاتی رہی ہے۔ سول سرجن کے مطابق جب سے انہوں نے اپنا چارج سنبھالا ہے ان کی پوری کوشش ہے کہ اسپتال میں بہتری لائی جائے اور مریضوں کو انکی ضرورت کے مطابق سہولتیں میسر ہوں تاہم اسپتال عملے کے بعض مفاد پرست ذمہ داران نہیں چاہتے کہ اسپتال کی کارکردگی میں بہتر ی آئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر بہتری کے کام میں جگہ جگہ روڑے اٹکائے جاتے ہیں۔ سول سرجن ڈاکٹر علی محمد جونیجو نے کہا کہ چوری کردہ دوائوں اور دیگر سامان کے سلسلے کی انکوائری اور ملوث عملے کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سول سرجن نے کہا کہ انکی اطلاع کے مطابق ان کی تعیناتی سے قبل بھی سول اسپتال سے زندگی بچانے والی چوری کردہ دوائوں کی کھیپ اوپن مارکیٹ میں فروخت اور بڑے پیمانے پر گھپلے کئے جاتے رہے ہیں کیوں کہ اسپتال عملے میں کچھ کالی بھیڑیں موجود ہیں جوکہ صرف ذاتی مفادات کو ترجیع اور مریضوں کے حق پر ڈاکہ ڈالتی رہی ہیں۔