غلط فیصلوں نے ملک کو زوال پذیر کیا، صدرعارف علوی

March 21, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جو ممالک ترقی کے خواہاں ہوتے ہیں،ان کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت سرِفہرست ہوتے ہیں،ا س کے بغیر قومیں ترقی نہیں کر سکتیں،مسلمان ہر نئے علم سے خوفزدہ ہے، سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِاہتمام نیشنل آئیڈیا بینک کی گرانڈ فائنل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ قوموں کا قدرتی وسائل سے اتنا تعلق نہیں ہے جتنا انٹیلیکچول ریسورس سے ہے،حکماء کی نظر میں تمام بیماریوں کی جڑ ہاضمہ کی خرابی ہے،مجھے لگتا ہے ہمارے ملک کا ہاضمہ بھی خراب ہے،غلط فیصلوں نے اس ملک کو زوال پزیر کیا، وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، سید امین الحق نے بتایا کہ جس وقت میں نے وزارت سنبھالی تو اس وقت ہمارے پاس 73 بلین ڈالر کے اثاثے تھے،جسے ہم نے تین سال کے عرصے میں 500بلین ڈالر تک پہنچا دیا،42ارب روپے ہم نے اسٹارٹ اپ پرلگائے،اینیمیشن میں دس ہزار جاب دیں، مختلف پروجیکٹس میں 5 بلین ڈالر اور 75بلین ڈالرکی سرمایہ کاری کی،29کمپنیاں متعارف کروائیں،انفارمیشن ٹیکنالوجی برآمدات کی مد میں 3بلین ڈالر کا اضافہ ہوا، سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ مثالی کارکردگی کی بنیاد پر نیشنل آئیڈیا بینک پروجیکٹ کے لیے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کا بطور نیشنل ہوسٹ انتخاب کیا گیااور ہم توقعات پر پورے اترے،نیشنل آئیڈیا بینک کا قیام نئی اور جدید سوچ کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، وسائل کے فقدان اور مناسب پلیٹ فارم نہ ملنے کے باعث نوجوانوں کے خواب ادھورے یا نامکمل رہ جاتے ہیں،این آئی بی اس خلاء یا کمی کو پورا کررہا ہے ، سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ ہم نیشنل آئیڈیا بینک کا پہلا راؤنڈ کامیابی کے ساتھ مکمل کرچکے ہیں اور دوسرے راؤنڈ کی بھی یہ آخری تقریب ہے، اسپائر کے چیئرمین اورنیشنل آئیڈیا بینک کے بانی حسن سید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔