پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابی عمل مکمل نہیں ہونے دینا چاہتی، حافظ نعیم

March 21, 2023

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے ملتوی شدہ بلدیاتی نشستوں کے انتخابی شیڈول کو چیلنج کرنے کے اعلان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بلدیاتی انتخابی عمل کو مکمل نہیں ہو نے دینا چاہتی، بلاول بھٹو کی سندھ حکومت کو انتخابی شیڈول سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت 18اپریل کی تاریخ کو مزید آگے بڑھانے کی سازش ہے، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا یہ رویہ نہ صرف انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت بلکہ غیر جمہوری و غیر آئینی اور آمرانہ و جابرانہ رویہ ہے،انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی فرمائشیں پوری نہ کی جائیں اور ملتوی شدہ نشستوں پر بلدیاتی انتخابات اعلان کردہ شیڈول کے مطابق اپریل میں ہی مکمل کیے جائیں،بلاول بھٹو زرداری کو حقائق قبول کرنا چاہیئے، وہ یاد رکھیں کہ آپ سب کچھ کرکے بھی اکثریت حاصل نہیں کرسکے۔ ملتوی شدہ نشستوں پر ضمنی انتخاب سے مت ڈریئےکراچی میں مئیر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا، پیپلز پارٹی ہر قسم کے غیر آئینی و قانونی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر کے کراچی میں اپنا میئر مسلط کرنا چاہتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ بلدیاتی انتخابی عمل مکمل ہوئے بغیر ہی کسی طرح بھی اس کا میئر آجائے۔