• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہم ٹریفک کوریڈورز کی بحالی اور خوبصورتی کیلئے 4 ارب سے زائد کا منصوبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے اہم ٹریفک کوریڈورز کی بحالی اور خوبصورتی کے لیے 4.2 ارب روپے کے جامع منصوبے کی منظوری دے دی، میئر کراچی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں منصوبے کو حتمی شکل اور فوری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے بلا تاخیر ٹینڈرز جاری کرنے کی ہدایات دی گئ ، منصوبے کے تحت راشد منہاس روڈ ،ڈرگ روڈ / شارع فیصل سے شاہراہِ عثمان بذریعہ فورکے چورنگی اور ناگن چورنگی، ،ایس ایم توفیق روڈ (لیاقت آباد فلائی اوور سے تین ہٹی پل، سر شاہ سلیمان روڈ کارساز سے ناظم آباد حبیب بینک چورنگی اور حبیب یونیورسٹی سے ریس کورس، صفورا شامل ہیں، تمام منتخب کردہ شاہراہوں پر مکمل اپ گریڈیشن اور بحالی کا کام کیا جائے گا ، دریں اثنا میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی صفورا ٹاؤن گلزارِ ہجری اسکیم 33 میں 10 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جانے والی رحیم بخش سومرو روڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، انہوں نے کہا جہانگیر روڈ پر آئندہ چند روز میں کام کا آغاز اور اسے ساٹھ روز میں مکمل کر لیا جائے گا،گلستان جوپر میں پہلوان گوٹھ روڈ کی تعمیر بھی آئندہ چند دنوں میں شروع ہو جائے گی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی سویٹ سے عبدالسلام روڈ تک نئی سڑک کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے جو علاقے میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی کا باعث بنے گی،رحیم بخش سومرو روڈ 3500 فٹ طویل اور 36 فٹ چوڑی ہے جسے جدید انجینئرنگ معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے، نئی تعمیر شدہ سڑک پر لین مارکنگ اور کیٹ آئیز بھی نصب کی گئی ہیں،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹاؤنز کے پاس بعض معاملات میں میئر سے بھی زیادہ اختیارات ہیں، اگر عوامی مسائل حل نہیں کرتے تو انہیں گھر چلے جانا چاہیے،شہر میں عملی کام پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے ہی کریں گے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید