لاعلمی اورذیابیطس کے باعث آنکھوں کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، میجر جنرل (ر) رحمت خان

March 21, 2023

راولپنڈی ( جنگ نیوز)الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا ہے کہ لاعلمی اورذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مرض کے باعث پاکستان میں آنکھوں کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اس لیے ہم نے اگلے پانچ سالوں میں اپنی استعداد کو دوگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔وژن 2028 منصوبے کے تحت سالانہ 13 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ افراد کو مفت علاج کی سہولت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مریض کے ہسپتال میں داخل ہونے سے لے کر ڈسچارج ہونے تک مثالی دیکھ بھال کریں گے۔ چکوال کے ہسپتال میں ایک نیا بلاک زیر تعمیر ہے جبکہ کوئٹہ میں ایک مکمل ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے گلگت میں کیمپنگ سٹرکچر قائم کیا جائے گا اور لاہور اور کراچی میں نئے ڈیپارٹمنٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔