ماحولیاتی آلودگی اور کوروناسے بچاؤ کیلئے ماسک پہننا ناگزیر ہے، الفرید ظفر

March 21, 2023

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردارمحمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک پہننا ناگزیر ہے اور ہیلتھ پروفیشنلز پر لازم ہے کہ وہ اپنے اور مریضوں کے وسیع تر مفاد میں این سی او سی کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں ۔ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ایسوسی ایشن جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام کورونا وائرس سے متعلق آگاہی واک کے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، صدر ایسوسی ایشن جنید میو، جنرل سیکرٹری مظہر شاہ، چیئرمین سلیم ساہی سمیت ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس بڑی تعداد میں موجود تھے ۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں کورونا وباء کے دوران محکمہ صحت پنجاب کی پالیسی کے مطابق 35ہزار مریضوں کو مفت علاج معالجے اور تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کورونا کی بیماری کے علاوہ بھی نارمل حالات میں ڈاکٹرز کو مریضوں کے علاج کے دوران فیس ماسک کا استعمال کرنا چاہیے جو کہ ایس او پیز کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز میڈیکل سسٹم کا اہم جزو ہیں جو ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ مریضوں کے علاج معالجے میں اپنے فر ائض سر انجام دیتے ہیں اور ان کی خدمات کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔