• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخ کے ہر موڑ پر عاشق رسول ﷺ پیدا ہوئے اور ہوتے رہیں گے، مقررین

لاہور(خبرنگار)پنجاب قرآن بورڈ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام ہونیوالی تحفظ ناموس رسالتﷺ کانفرنس میں کہاگیا ہے کہ افغانستان نے ہمارے احسانات کے بدلے ہمارے بچوں کا خون بہایا، اب بہت ہوچکا، اب پاکستان میں خون خرابہ نہیں ہونے دینگے۔ ہر دن تحفظ ناموس رسالت ﷺ کا دن ہے۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ جبکہ وزیراعظم کے مشیر حافظ طاہر محمود اشرفی، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، سیکرٹری اوقات ڈاکٹر احسان بھٹہ، مولانا حسین اکبر نے کلیدی خطاب کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ نبی کریم ﷺ کی امت میں ہمیں پیدا کیا گیا، ہر دن تحفظ ناموس رسالتﷺ کا دن ہے۔ تاریخ کے ہر موڑ پر عاشق رسول ﷺ پیدا ہوئے اور ہوتے رہیں گے، ہر مسلمان توحید اور ختم نبوت پر اپنی زندگی گزارتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ افغانستان کا ہم نے بہت لحاظ کرلیا، ہم نے ان کیلئے قربانیاں دیں لیکن انہوں نے ہمارے بچوں کا خون بہایا، مساجد، امام بارگاہ میں خون بہایا لیکن اب ہم برداشت نہیں کرسکتے۔ قبل ازیں حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کا عالمی دن منظور کرایا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور سعودی عرب کو ایسی طاقت دی ہے کہ دونوں مسلمان ریاستیں امت کے مسائل کا حل نکال سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ ہم شعیہ سنی میں تقسیم رہیں اور وہ ہماری تقسیم سے فائدہ اٹھائے لیکن ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے، امام خامنہ ای شہید نے دشمنوں کی سازشوں کا ادراک کیا اور تفرقے میں نہ پڑنے کی تلقین کی۔ ایک طبقہ اسلام کے نام پر تشدد کی سوچ رکھتا ہے حالانکہ دین میں جبر نہیں ہے ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف اُمت کو متحد کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، اس لئے امت کو تقسیم کرنے کی سازشوں کا مقابلہ متحد ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے ، دہشت گردوں نے پاکستانیوں کا خون بہایا ہے ہم ان کا تعاقب کریں گے۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی ادا روں کے بچوں کو ایسی کانفرنسز میں مدعو کریں گے تاکہ وہ علماکرام سے رہنمائی حاصل کریں۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا احسان ہمیں نبی کریم ﷺ کا امتی بنانا ہے۔ اسرائیل ذلیل ہورہا ہے ان شا اللہ اسرائیل کو ذلیل ہوتا دیکھیں گے۔ علامہ حسین اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا اسلامو فوبیا کیخلاف اہم کردار ہے ۔کانفرنس سے ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، مفتی انتخاب نوری، میر محمد آصف اکبر، ضیااللہ شاہ بخاری، حافظ زبیر حسن،مولانا مختار احمد ندیم، مفتی عمران انور نظامی اور عبدالوارث گل نے بھی خطاب کیا۔
لاہور سے مزید